اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈائون،4مفرور گرفتار

 گرفتار اشتہاری فراڈ اور بوگس چیک جیسے سنگین مقدمات میں کئی سالوں سے مطلوب تھے
 لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی کی سربراہی میں مفرور اشتہاریوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 مفرور اشتہاری گرفتار کر لیے۔چوکی کرول گھاٹی، گڑھی شاہو اور لٹن روڈ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سٹاپ اینڈ سرچ میتھڈ کے تحت مفرور اشتہاریوں کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار اشتہاری فراڈ اور بوگس چیک جیسے سنگین مقدمات میں کئی سالوں سے مطلوب تھے۔گرفتار ہونے والے اشتہاریوں میں انس، زنیر اور جاوید شامل ہیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ اوز اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے مقررہ اہداف کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔