فارم 47کی وزیراعلیٰ رمضان میں بھی فسطائیت سے باز نہیں آ رہیں: بیرسٹر سیف

جعلی راج کماری سعودی عرب سے احکامات دے رہی تھیں،کارکنوں کو مساجد سے اٹھا کرجیلوں میں ڈال دیا گیا
 پشاور (آئی این پی ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے یومِ پاکستان پر پنجاب میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے کہا ہے کہ فارم 47کی وزیراعلیٰ رمضان میں بھی فسطائیت سے باز نہیں آ رہیں، جعلی راج کماری سعودی عرب سے احکامات دے رہی تھیں، کارکنوں کو مساجد سے بھی اٹھا کرجیلوں میں ڈال دیا گیا۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے پنجاب میں یومِ پاکستان منانے کی پاداش میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ قابلِ مذمت قراردیتے ہوئے کہا معصوم کارکنوں کو صرف پاکستان اوربانی چیئر مین سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے، یوم پاکستان پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ریلیاں دیکھ کر جعلی حکومت پرخوف طاری ہے۔انھوں نے کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر عوام کے جمِ غفیر نے جعلی حکومت کے غیر مستند ہونے پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی، عوام نے یومِ پاکستان کے موقع پر حقیقی آزادی کے عہد کی تجدید کی، یومِ پاکستان پر عوامی سمندر نے جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم دے دیا۔مشیراطلاعات کے پی نے کہا کہ اگر جعلی حکومت میں رتی برابر بھی شرم و حیا باقی ہے تو وہ فورا مستعفی ہو جائے۔