آسام میںاڈانی گروپ کے تھرمل پاور پراجیکٹ کیلئے مظلوم مسلمانوں سے زمین خالی کروائی گئیں،بھارتی تاریخ کی سب سے بڑی بے دخلی مہم جاری ہے، دکن کرونیکل
نئی دہلی (آئی این پی )مودی سرکار کی مسلمانوں کیخلاف فسطائیت جاری ہے، بھارتی حکومت نے اڈانی منصوبے کے لیے آسام کے ہزاروں مظلوم مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلوا دئیے۔ رپورٹ کے مطابق بنگالی نژاد مسلم خاندانوں کے گھر مسمار کرنا شروع کردئیے۔ مودی حکومت کے اس اقدام سے بھارتی مسلمان عوام بے گھر اور سرمایہ دار راتوں رات علاقے کے مالک بن بیٹھے۔بھارتی اخبار دکن کرونیکل کے مطابق مودی سرکار کی آسام میں بھارتی تاریخ کی سب سے بڑی بے دخلی مہم جاری ہے۔ کارروائی کے دوران دو ہزار سے زائد خاندانوں کو ان کے گھروں سے نکالا گیا ہے۔اخبار کے مطابق اڈانی گروپ کے تھرمل پاور پراجیکٹ کیلئے مظلوم مسلمانوں سے زمین خالی کروائی گئیں۔اس کے علاوہ بے گھر افراد حکومت سے مکمل معاوضہ اور باوقار طریقے سے دوبارہ آبادکاری کا مطالبہ کررہے ہیں۔