پی ٹی آئی ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے با معنی مذاکرات چاہتی ہے،مشیر اطلاعات کے پی
پشاور(آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ فارم 47کے ذریعے ملک پر مسلط ٹولہ جمہوریت کا گلا گھونٹ رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے با معنی مذاکرات کرنا چاہتی ہے، اس مقصد کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام اپوزیشن جماعتوں کا اکٹھا ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر ڈاکا ڈالنے والے حکومتی گروہ کے خلاف تمام اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا، فارم 47کے ذریعے ملک پر مسلط جعلی ٹولہ جمہوریت کا گلا گھونٹ رہا ہے، موجودہ جعلی حکومت نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ حکومتی گروہ اور ان کے حواریوں نے اقتدار کی خاطر جمہوریت کو دائو پر لگا دیا ہے، مسلم لیگ( ن) اور پیپلز پارٹی اپنی کرسی جبکہ تحریک انصاف جمہوریت بچانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے، فارم 47کے جعلی گروہ نے ملک کی جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت عوام کرسی پر قابض گروہ کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں، اس جدوجہد میں فتح بالآخر عوام کی ہو گی۔