امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران نے اپنی طاقت دنیا پر منوا دی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ خطے میں ایک نیا دفاعی بلاک قائم کیا جائے تاکہ بیرونی دباؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔
پریس کانفرنس کے اہم نکات:
1. ایران کی جوابی کارروائی پر خراج تحسین:
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ ایران نے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دے کر عالمی سامراجی قوتوں کو پیغام دیا ہے۔انہوں نے اسے جرات مندانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ:"جیسے پاکستان نے بھارت کو شکست دی، ویسے ہی ایران نے اسرائیل کو پسپا کیا۔"
2. پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ فوری شروع کرنے کا مطالبہ:
انہوں نے کہا کہ:"مزید تاخیر ناقابل قبول ہے۔ امریکا کی ناراضی کے خوف سے گیس منصوبہ متاثر نہیں ہونا چاہیے۔"
3. نئے دفاعی بلاک کی تجویز:
حافظ نعیم الرحمٰن نے تجویز دی کہ:"پاکستان، ایران، ترکیہ، افغانستان، بنگلہ دیش اور وسطی ایشیائی ریاستوں پر مشتمل ایک نیا دفاعی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔"
4. غزہ کی مزاحمت کو خراج تحسین:
انہوں نے غزہ کے عوام کی جرات کو سراہتے ہوئے عالمی طاقتوں سے فوری جنگ بندی کے لیے عملی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
معیشت، بجٹ اور کرپشن پر تنقید:
1. بجٹ کا سارا بوجھ عوام پر:
حافظ نعیم نے کہا کہ بجٹ پر بحث جاری ہے لیکن:"تمام بوجھ غریب عوام پر ڈالا گیا ہے، حکمران اشرافیہ محفوظ ہے۔"
2. سولر ڈیوٹی ختم اور بجلی کے نرخ کم کرنے کا مطالبہ:
انہوں نے کہا کہ:"سولر پر عائد تمام ڈیوٹیز فوری ختم کی جائیں اور بجلی کے ٹیرف میں بھی نمایاں کمی کی جائے۔"
3. ایف بی آر کو کرپشن کا گڑھ قرار دیا:
"اگر ہم نے کرپشن اور غیر ضروری اخراجات پر قابو نہ پایا تو معیشت کبھی سنبھل نہیں سکتی۔"
پنجاب حکومت اور زراعت پر کڑی تنقید:
حافظ نعیم نے کہا کہ:"موجودہ پنجاب حکومت نے زراعت کو جتنا نقصان پہنچایا ہے، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔"انہوں نے وفاقی قیادت پر طنز کرتے ہوئے کہا:"چچا اور بھتیجی کی باتیں سنیں تو لگتا ہے جیسے ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہ رہی ہیں۔"
سود اور آئی پی پیز سے متعلق مطالبات:
شرح سود کو فوری کم کر کے رواں سال 5 فیصد اور آئندہ سال مکمل ختم کیا جائے۔
آئی پی پیز سے مذاکرات کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔
چینی کی برآمد و درآمد کے ریٹ بھی واضح کیے جائیں۔