ایران کے ’زیرِ زمین محفوظ‘ افزودہ یورینیم تک رسائی کی صلاحیت رکھتے ہیں، مگر فی الحال ضرورت نہیں:صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ایران کے ’زیرِ زمین محفوظ‘ افزودہ یورینیم تک رسائی کی صلاحیت رکھتے ہیں، مگر فی الحال ضرورت نہیں:صدر ڈونلڈ ٹرمپ

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیا بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کے “زیرِ زمین محفوظ” افزودہ یورینیم کے ذخائر تک رسائی حاصل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، تاہم ان کے مطابق فی الحال ایسی کسی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور لبنان سے متعلق بعض فریقین سے بھی بات چیت کی ہے، جس میں خطے بالخصوص لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا اور محدود پیش رفت کا اشارہ دیا گیا ہے۔دوسری جانب لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکا کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی پر تنازع برقرار ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اس معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے اسے “شرمناک” قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ لبنان کو کمزور کرنے اور اس کے بعض علاقوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔نعیم قاسم نے خبردار کیا کہ جب تک اسرائیل لبنان پر حملے جاری رکھے گا، شمالی اسرائیل بھی جوابی کارروائیوں کی زد میں رہے گا۔ ان کے اس بیان کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ادھر زمینی صورتحال مزید سنگین ہے، کیونکہ لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں۔ لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق ان حملوں میں بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا ہے اور مارچ سے اب تک ہزاروں افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ نے جنوبی لبنان میں ایک حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جس میں امن مشن کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ اسی دوران اسرائیلی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ کے حملے میں اس کا ایک فوجی ہلاک ہوا ہے۔غزہ میں بھی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں کم از کم 11 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ انسانی صورتحال کو دیکھتے ہوئے عالمی ادارے فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی پر زور دے رہے ہیں۔مجموعی طور پر مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ایک بار پھر انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جہاں ایران، اسرائیل، لبنان اور غزہ سے متعلق پیش رفت عالمی سفارتی کوششوں کے لیے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔