پاکستان سعودی دفاعی معاہدے میں ایران کو بھی شامل کیا جائے:حافظ نعیم الرحمان

پاکستان سعودی دفاعی معاہدے میں ایران کو بھی شامل کیا جائے:حافظ نعیم الرحمان

لاہور: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ مسلم ممالک میں اتحاد کی طرف بڑھنے کا ایک اہم قدم ہے اور دیگر اسلامی ممالک، خاص طور پر ایران کو بھی اس میں شامل کیا جانا چاہیے۔

مرکزی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کی پشت پر امریکا ہے اور جنگ بندی کو ویٹو کرنا اس کی واضح مثال ہے۔ قطر پر حملے کے بعد مسلمان ممالک میں اتحاد کی جانب سوچ بچار کا عمل شروع ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وادی تیرہ جیسے واقعات سے غیر یقینی کی کیفیت بڑھتی ہے، اداروں پر اعتماد کم ہوتا ہے اور عوام سے دوریاں پیدا ہوتی ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن مؤثر ہو سکتا ہے۔

انہوں نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ معاملات کو معمول پر لایا جائے اور تحریک طالبان کے مسئلے کو بات چیت اور تعاون کے ذریعے حل کیا جائے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ نظام میں تبدیلی کے بغیر ملک میں حقیقی بہتری ممکن نہیں اور جماعت اسلامی کا اجتماع عام نومبر میں مینار پاکستان کے سائے تلے تبدیلی کی بنیاد بنے گا۔