ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حالیہ رویے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی بریفنگ میٹنگ کا بائیکاٹ کر کے پی ٹی آئی نے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جماعت سے اس کے سوا اور کسی چیز کی توقع بھی نہیں کی جا سکتی۔عظمیٰ بخاری نے بیان میں کہا کہ "پی ٹی آئی کے نام نہاد ٹائیگرز آج بھی ریاستی اداروں اور ملکی مفادات کے خلاف محاذ آرائی میں مصروف ہیں۔ یہ وہی جماعت ہے جو اپنی حکومت کے دوران سکیورٹی بریفنگز میں شرکت سے گریز کرتی رہی، اور پھر میڈیا پر آ کر شکوے کیا کرتی تھی کہ 'کیا کروں، جنگ کر لوں؟'"انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا رویہ مسلسل غیر ذمہ دارانہ اور قابل مذمت رہا ہے۔ "یہ لوگ ہر سطح پر اور ہر فورم پر منفی سیاست کو فروغ دیتے ہیں، ان سے کبھی پاکستانی بن کر سوچنے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔"
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی جیسے نازک اور اہم معاملات پر سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سنجیدگی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پی ٹی آئی کا طرز عمل اس کے برعکس ہے۔عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کو "ملک دشمن ٹولہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ نہ صرف افسوسناک بلکہ قابل مذمت بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، اور تمام جماعتوں کو ریاستی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔