پاکستان میں خطے کا مہنگا ترین پیٹرول فروخت ہو رہا ہے، حافظ نعیم الرحمان

پاکستان میں خطے کا مہنگا ترین پیٹرول فروخت ہو رہا ہے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پیٹرول مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت پیٹرول پر 129 روپے فی لیٹر ٹیکس اور لیوی وصول کر رہی ہے۔

اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات عوام کی روزمرہ زندگی پر پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے اور عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں اور لیوی میں کمی کرے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کم از کم 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے عوام کی قوتِ خرید مزید متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔