امن کو سبوتاژ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے:وزیراعظم آزادکشمیر

  عوام بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون سے یقینی بنائیں، چودھری انوار الحق کا اجلاس سے خطاب
مظفر آباد (آئی این پی )وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چودھری انوار الحق کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ انتظامیہ کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کو محرم الحرام کے انتظامات بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزراء نثار انصر ابدالی، چودھری اظہر صادق، چیف سیکرٹری خوشحال خان، سیکرٹری سروسز ظفر محمود خان،انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار،  کمشنر مظفرآباد ڈویژن چودھری گفتار حسین اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں طے پایا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ محرم الحرام کے دوران بلاتعطل بجلی کی  فراہمی کو یقینی بنانے سمیت فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں محرم الحرام میں ماتمی جلسوں کی قدیمی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور معاشرے میں بھائی چارے کی فضاء کو برقرار  رکھنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، ہمیں شرانگیزی اور انتشار کی حوصلہ شکنی کرنی ہے، مسلکی ہم آہنگی ایک خوبصورت سوچ ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی نظر رکھیں اور امن کو سبوتاژ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ عوام بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون سے یقینی بنائیں۔