15روز سے زائد رخصت صرف حقیقی اور ٹھوس جواز کی بنیاد پر دی جاسکے گی‘مراسلہ جاری
لاہور (یواین پی)پنجاب حکومت نے سرکاری افسران کی طویل رخصت کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری افسران کی چھٹیوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی گئیں۔مراسلے کے مطابق سرکاری افسران کو ایک وقت میں 15روز سے زائد چھٹی دینے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، 15روز سے زائد رخصت صرف حقیقی اور ٹھوس جواز کی بنیاد پر دی جاسکے گی۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو ہدایات جاری کردیں، پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی چھٹیوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔متعلقہ محکموں اور خودمختار اداروں کے سربراہان کو بھی حکومتی احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا کہ طویل مدت کیلئے ایک ہی بار چھٹی لینا سرکاری افسر کے فرائض سے سنجیدگی پر منفی اثر ڈالتا ہے، بلاوجہ طویل رخصت سرکاری افسر کی ذمہ داری اور سنجیدگی سے متعلق منفی تاثر پیدا کرتی ہے