پاراچنار: بارودی سرنگ دھماکے میں 4افراد جاں بحق ،4زخمی

 واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی افراد لکڑیاں لینے کے لیے پہاڑی علاقے کی جانب جارہے تھے،لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار منتقل،زخمی پشاورریفر،حالت تشویشناک 
  پاراچنار ( اے ایف بی )پاراچنار کے علاقے اپر کرم میں پیواڑ کے سرحدی گائوں شرم خیل کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی افراد لکڑیاں لینے کے لیے پہاڑی علاقے کی جانب جارہے تھے۔ڈی پی او ضلع کرم حبیب اللہ کے مطابق، جاں بحق افراد کی شناخت نواب علی، عامر حسین، ہدایت حسین اور منظر علی کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں محمد قونین، شفاعت حسین، حسن غلام اور ایک اور شامل ہیں۔زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں پشاور ریفر کر دیا گیا۔ڈی ایچ کیو اسپتال پاراچنار کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میر حسین نے واقعہ  کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔زخمی حسن غلام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہاڑی کے قریب پہنچے ہی تھے کہ بارودی سرنگ اچانک پھٹ گئی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور ان کے چار ساتھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، دھماکے میں دو گھوڑے بھی ہلاک ہو گئے۔پولیس ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔قبائلی عمائدین نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے علاقے میں جاری امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے اور واقعہ کی اعلی سطح پر تحقیقات کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔