آزاد کشمیر: جیپ کھائی میں گرگئی ،میاں بیوی سمیت 4افراد جاں بحق، 4زخمی

 جاگراں سیری سے گوریال جانے والی جیپ سڑک کی خستہ حالی کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری
 نیلم (آئی این پی )آزاد کشمیر کے علاقے نیلم ویلی میں جیپ کھائی میں گرنے سے میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 4افراد جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔حادثہ جاگراں سیری سے گوریال جانے والی ایک جیپ کو پیش آیا، جو سڑک کی خستہ حالی کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر جیپ میں 8افراد سوار تھے، جن میں سے چار افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جب کہ دو بچوں سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں عالم اعوان، اہلیہ، سالی اور سالا شامل ہیں، نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو بھی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔