مرکزی ملزم ایوب کی پلی بارگین کی درخواست منظور،تین ارب 45کروڑ کی بینک منتقلیوں کاالزام
پشاور(آئی این پی)کوہستان میں اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے سکینڈل میں نیب نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد ایوب کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے۔نیب ذرائع کے مطابق پلی بارگین کے تحت ملزم ایک ارب 45 کروڑ روپے کی رقم واپس کرنے پر رضامند ہوا ہے، جس کی منظوری چیئرمین نیب کی جانب سے دے دی گئی ہے، محمد ایوب پر مجموعی طور پر 3ارب 45 کروڑ روپے کی بینک منتقلیوں کا الزام ہے۔ذرائع کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے اسلام آباد، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں خریدیں، جنہیں اب نیب نے منجمد کر دیا ہے اور جلد نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا۔نیب کا کہنا ہے کہ پلی بارگین کی منظور شدہ درخواست تین روز کے اندر احتساب عدالت میں پیش کی جائے گی، جہاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وصول شدہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔