گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے اور متاثرین کی فوری امداد کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
گورنر پنجاب نے حالیہ دورے میں چکوال، جہلم اور حافظ آباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے بعد وزیراعلیٰ کو ارسال کردہ خط میں انہوں نے ان اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔گورنر نے خط میں نشاندہی کی کہ سیلابی صورتحال کے باعث ان علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہو چکا ہے۔ کئی دیہی اور شہری آبادیاں ایک دوسرے سے کٹ چکی ہیں، پل اور سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں، جب کہ غریب عوام کے گھر، مویشی اور قیمتی سامان پانی میں بہہ گئے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور ریلیف سرگرمیاں تیز کی جائیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک کر کے متاثرین کی مدد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ معمول کی زندگی کی جانب لوٹ سکیں۔یاد رہے کہ حالیہ بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث پنجاب کے کئی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، جہاں ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور بنیادی ڈھانچہ شدید نقصان کا شکار ہوا ہے۔