آفت زدہ علاقوں میں امدادی کارکنان ہمارے ہیرو ہیں:آصفہ بھٹو زرداری

آفت زدہ علاقوں میں امدادی کارکنان ہمارے ہیرو ہیں:آصفہ بھٹو زرداری

اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آفت زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کرنے والے کارکنان ہمارے ہیرو ہیں۔

آصفہ بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔خاتونِ اول نے سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے لیے تعزیت کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کو ان متاثرہ علاقوں میں فوری اور ترجیحی امدادی اقدامات کرنے چاہئیں، خاص طور پر ان علاقوں پر جہاں زمینی راستے منقطع ہو چکے ہیں۔آصفہ بھٹو زرداری نے زور دیا کہ حکومت اور مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کی فوری مدد اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں انسانی جانوں اور املاک کا مزید نقصان نہ ہو۔