پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
اس نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبہ پنجاب کے 27 اضلاع کی 72 تحصیلوں کو موضع جات کے لحاظ سے آفت زدہ قرار دیا گیا ہے، جن میں 50 فیصد سے زیادہ متاثر ہونے والے موضع جات شامل ہیں۔ یہ فیصلہ بورڈ آف ریونیو پنجاب اور پی ڈی ایم اے کے اشتراک سے کیا گیا ہے اور اسے پنجاب نیشنل کلیمیٹیز پری وینشن اینڈ ریلیف ایکٹ 1958 کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر بحالی اور امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں، اور متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور مالی امداد کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریلیف کمشنر پنجاب کی نگرانی کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
اس سال خریف سیزن کے دوران لینڈ ریونیو اور آبیانہ کی وصولی نہیں کی جائے گی، اور جن کسانوں کو نقصان پہنچا ہے، انہیں زرعی قرضوں میں نرمی، معافی یا تاخیر کی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔مزید برآں، متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف کیمپس کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، پی ڈی ایم اے اور ضلعی حکومتیں ان علاقوں میں سڑکوں، نکاسی آب، اسکولوں، مراکز صحت، اور گھروں کی بحالی کے لیے منصوبے شروع کریں گی۔