حماد اظہر عدالت سے رجوع کا فیصلہ

دکھ کی گھڑی میں گھر والوں کیساتھ رہنا چاہتا ہوں، جعلی پرچوں کا نشانہ بنا، انصاف طلب کروں گا :حماد 
لاہور (خصوصی رپورٹ) رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے ممکنہ گرفتاری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ قریبی افراد کے مشورے کے بعد کیا۔ایکس پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے لکھا کہ اپنی اور اپنے خاندان کی طرف سے ان ہزاروں ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے والد کے جنازے میں اور قرآن خوانی میں شرکت کی اور ان لاکھوں افراد کا بھی جنھوں نے افسوس کے پیغامات بھجوائے اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی۔حماد اظہر نے مزید لکھا کہ ظاہر ہے کہ میں اس دکھ کی گھڑی میں اپنے گھر والوں، خصوصی طور پر اپنی والدہ کے ساتھ اب موجود رہنے کی خواہش رکھتا ہوں، میں بے گناہ ہوں اور جعلی پرچوں کا نشانہ ہوں جن کا کوئی سر پیر نہیں، اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کروں گا اور انصاف طلب کروں گا، مل گیا تو اللہ کا شکر ادا کروں گا اور نا ملا تو استقامت اور صبر سے مزید جبر برداشت کروں گا۔