2 مقابلے ،2زیر حراست ملزم ہلاک

 صالح مسیح کو کاہنہ کے علاقے میں ریکوری کیلئے لے جایا جا رہا تھا ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا 
 سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم مشتاق اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی ڈی کے شہر میں مزید دو مبینہ مقابلے، دو زیر حراست ملزمان مارے گئے۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم صالح مسیح کو کاہنہ کے علاقے میں ریکوری کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ زیر حراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارا گیا۔ ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ ہلاک ملزم منشیات فروشی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھا اور چونگی امر سدھو لاہور کا رہائشی تھا۔ دوسرے واقعہ میں سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم مشتاق اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ مشتاق کو نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا، اس دوران ساتھیوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی۔