2زیر حراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

ڈیفنس اور کاہنہ میں مبینہ پولیس مقابلے، انور ملنگی اورسلیم مسیح مارے گئے، پولیس اہلکار مارے گئے 
لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں سی سی ڈی کے دو مبینہ پولیس مقابلے، ڈیفنس اور کاہنہ میں زیر حراست ملزمان مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ ڈیفنس کے علاقے میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔ مارے گئے ملزم کی شناخت انور ملنگی کے نام سے ہوئی ہے۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کو اہلکار ریکوری کے لیے لے جا رہے تھے کہ اس دوران ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر زیر حراست ملزم انور ملنگی ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والا ملزم تین درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا جن میں ڈکیتی، چوری اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں ایک اور اہم مجرم کی گرفتاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ دوسرا واقعہ کاہنہ جھیڈو گاؤں کے قریب ہوا، دوسرے مبینہ پولیس مقابلے میں زیر حراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ زیر حراست ملزم سلیم مسیح گلبرگ پولیس اسٹیشن میں جسمانی ریمانڈ پر تھا۔ ملزم کو برآمدگی کے لیے جھڈو گاؤں لایا گیا، جہاں خالی پلاٹ سے موٹرسائیکل برآمد کروائی گئی۔ پولیس واپس جانے لگی تو دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے پولیس محفوظ رہی، البتہ زیر حراست ملزم جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو قبضے میں لے کر مردہ خانے منتقل کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔