ملزم بسم اللہ کو ریکوری کے لئے لے جایا جا رہا تھا، 4 ملزمان نے چھڑوانے کے لئے حملہ کر دیا
پشاور(آئی این پی )پنجاب کے شہروں کے بعد خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں بھی ریکوری کے وقت زیر حراست ملزم ساتھیوں کے حملے میں ہلاک ہونے لگے۔ پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں زیر حراست ملزم ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا ہے، ملزم بسم اللہ کو ریکوری کے لئے لے جایا جا رہا تھا کہ 4 ملزمان نے زیر حراست ملزم کو چھڑوانے کے لئے حملہ کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق اہل کاروں اور حملہ آوروں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ میں زیر حراست ملزم بسم اللہ اور اس کا ساتھی مارا گیا، جب کہ حملہ آور فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق ملزم بسم اللہ قتل کی واردات میں گرفتار ہوا تھا، اس کے ہلاک ساتھی کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔خیال رہے کہ لاہور سمیت پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ہاتھوں روز مختلف الزامات کے تحت زیر حراست ملزمان ریکوری کے دوران ساتھیوں کے حملے میں ہلاک ہونے کے واقعات معمول کا حصہ بن چکے ہیں۔