پنجاب میں جدید کیش لیس سفری نظام، شہریوں کو ٹی کیش کارڈز جاری کرنے کا آغاز

پنجاب میں جدید کیش لیس سفری نظام، شہریوں کو ٹی کیش کارڈز جاری کرنے کا آغاز

پنجاب میں جدید، یکساں اور کیش لیس سفری نظام کے قیام کے لیے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

صوبہ بھر میں ٹی کیش کارڈ کے لیے اب تک 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ ابتدائی مرحلے میں 66 سے زائد شہریوں کو کارڈ جاری بھی کیے جا چکے ہیں۔ٹی کیش کارڈ کے ذریعے شہری میٹرو بس، اورنج لائن، سپیڈو اور ای بس سروسز میں ایک ہی کارڈ سے سفر کر سکیں گے، جس سے کیش کے بغیر ٹکٹنگ ممکن ہوگی اور سفر مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنے گا۔ اس کارڈ سے پنجاب بھر کے مختلف ٹرانسپورٹ سسٹمز تک شہریوں کی رسائی یکجا ہو جائے گی۔علاوہ ازیں، ٹی کیش کارڈ کو ڈیبٹ کارڈ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکے گا، جس سے روزمرہ مالی لین دین کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ اس کا اجرا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جا رہا ہے۔

شہری ٹی کیش کارڈ کے لیے ویب پورٹل، ای ٹرانزٹ ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، اور کارڈ کی تیاری کے بعد اسے ہوم ڈیلیوری کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ درخواست کی موجودہ صورتحال بھی ویب سائٹ، موبائل ایپ اور ہیلپ لائن کے ذریعے معلوم کی جا سکتی ہے۔