سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے بس ڈپو سمیت دیگر تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
شرجیل میمن کی زیرصدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جام صادق پل کے دوسرے حصے کی تعمیر سمیت منصوبے سے متعلق مختلف امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کراچی کے شہریوں کے لیے اہم ماس ٹرانزٹ منصوبہ ہے، اس لیے تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے یلو لائن بس ڈپو اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپو سمیت تمام ضروری انفرااسٹرکچر کی بروقت تکمیل انتہائی اہم ہے، کیونکہ کسی ایک حصے میں تاخیر سے پورا منصوبہ متاثر ہوسکتا ہے۔
شرجیل میمن نے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کی استعداد کار بڑھانے اور متعلقہ اداروں، کنسلٹنٹس اور ماہرین کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔سندھ کے سینئر وزیر نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کی پیش رفت کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے روزانہ پیش رفت کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد شہریوں کو بہتر، جدید اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔