ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں جدید ٹرانسپورٹ نظام کی طرف ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ٹی کیش کارڈ (T-Cash Card) کا باضابطہ اجرا کر دیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایے کی ادائیگی کے لیے آسان، جدید اور بغیر نقدی نظام فراہم کرنا ہے۔ یہ اسمارٹ ری چارج ایبل کارڈ پنجاب کے تمام بڑے شہری ٹرانزٹ سسٹمز جیسے میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، سپیڈو بس، الیکٹرو بس اور دیگر مربوط سروسز میں استعمال کیا جا سکے گا۔ اس کارڈ کے ذریعے شہریوں کو ہر بار الگ الگ ٹکٹ لینے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ ایک ہی کارڈ سے تمام سفری کرایے ادا کیے جا سکیں گے۔ٹی کیش کارڈ صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مکمل ڈیبٹ کارڈ کے طور پر بھی کام کرے گا، جس کے ذریعے روزمرہ کے مالی لین دین ممکن ہوں گے۔ یوں یہ کارڈ بیک وقت سفر اور بینکنگ دونوں سہولیات فراہم کرے گا۔یہ سہولت پنجاب کے تمام شہری حاصل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں تصدیق شدہ ہوں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قواعد پر پورا اُترتے ہوں۔
کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ:
کارڈ کے اجرا کی فیس 130 روپے مقرر کی گئی ہے۔
شہری سرکاری ویب پورٹل، موبائل ایپلیکیشن یا ہیلپ لائن 1762 کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
درخواست دینے کے بعد کارڈ قریبی مقررہ اسٹیشن سے حاصل کیا جا سکتا ہے، جس کا انتخاب شہری درخواست کے دوران کریں گے۔
کارڈ دستیاب ہونے کے بعد اسے 10 دن کے اندر اندر وصول کرنا ضروری ہے، بصورت دیگر دوبارہ پراسیسنگ ہوگی۔
کارڈ کی حیثیت معلوم کرنے کا طریقہ:
درخواست گزار ویب سائٹ، موبائل ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے اپنے کارڈ کے اجرا کی اسٹیٹس معلوم کر سکتے ہیں۔