پاکستانی فلم ساز و مصنف ناصر ادیب نے نامور ہدایت کار سید نور اور اداکارہ صائمہ کی خفیہ شادی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
مولا جٹ اور دی لیجنڈ آف مولا جٹ جیسی مشہور فلموں کے مصنف ناصر ادیب ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر فلمی موضوعات پر اپنی بصیرت افروز گفتگو کی وجہ سے خاصے مقبول ہیں۔اپنے حالیہ پوڈکاسٹ میں انہوں نے بتایا کہ صائمہ اور سید نور کی شادی ان کے ایک قریبی دوست اور فلم کے پروڈیوسر کرامت گجر نے کروائی، جبکہ پوری انڈسٹری اس شادی کے حق میں نہیں تھی کیونکہ کئی ہدایت کار صائمہ سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ناصر ادیب نے کہا کہ ابتدا میں وہ اس شادی کے حق میں نہیں تھے، لیکن بعد میں انہوں نے اپنے تمام اختلافات ختم کر دیے اور صائمہ کی نیک نیتی پر اعتماد کیا۔ انہوں نے صائمہ کو سادہ، محفوظ اور اسکینڈل سے دور رکھنے والی شخصیت قرار دیا اور بتایا کہ ان کا صرف ایک اسکینڈل سید نور کے ساتھ رہا۔ادیب کے مطابق انہوں نے سید نور کے خلاف اپنی رنجش ختم کر دی، اور اب وہ دونوں کے تعلقات کو تسلیم کرتے ہیں اور پرانے اختلافات کو بھلا چکے ہیں۔