پاکستانی اداکارہ مشی خان نے معروف ڈرامہ رائٹر ناصر ادیب پر شدید تنقید کی ہے، جنہوں نے حال ہی میں سابق فلمی اداکارہ ریما خان کے بارے میں ایک متنازعہ بیان دیا تھا۔
ناصر ادیب نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ریما خان کو وہ "ہیرا منڈی" میں دیکھ کر کاسٹ نہیں کرنا چاہتے تھے، جس پر مشی خان نے انسٹاگرام ویڈیو کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔مشی خان نے کہا کہ یہ بیان غیر ضروری اور ناپسندیدہ تھا، اور ان کا ماننا تھا کہ ہمارے معاشرے میں دوسروں کے ماضی پر بے جا تبصرہ کرنے کا بہت شوق ہے۔ مشی خان نے ناصر ادیب سے معذرت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ریما خان نے اپنی زندگی میں بہت ترقی کی ہے، اور ان کے ماضی پر تنقید سے ان کے خاندان اور متعلقہ افراد کو تکلیف پہنچتی ہے۔مشی خان کے اس موقف کو سراہا گیا اور ان کے مداحوں نے انہیں ریما خان کے حق میں آواز اٹھانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ معروف اینکر رابعہ انعم نے بھی ناصر ادیب کے بیان کی شدید مذمت کی۔یاد رہے کہ ریما خان پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں، جنہوں نے 1990 میں "بلندی" فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور کامیاب کیریئر کے بعد امریکہ میں اپنی زندگی گزار رہی ہیں۔