پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی مایہ ناز اداکارہ صائمہ نور کی حالیہ جِم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جو مداحوں کے لیے فٹنس موٹیویشن کا ذریعہ بن رہی ہے۔
مداح نہ صرف ان کی خوبصورتی اور اسٹائل کے معترف ہیں بلکہ ان کی مسلسل فٹ رہنے کی عادت سے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔صائمہ نور چار دہائیوں سے اپنی دلکشی، اسکرین پر جادوئی موجودگی اور شاندار اداکاری کے ذریعے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہی ہیں۔ اگرچہ وہ اب کم پروجیکٹس میں نظر آتی ہیں، لیکن جب بھی اسکرین پر واپس آتی ہیں تو اپنی شاندار پرفارمنس اور منفرد انداز سے ناظرین کو متاثر کرتی ہیں۔اپنی صحت اور فٹنس کا خاص خیال رکھنے والی صائمہ نور باقاعدگی سے جِم جاتی ہیں تاکہ خود کو صحت مند، پرکشش اور متحرک رکھ سکیں۔
حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ مختلف ایکسرسائزز کرتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی۔مداحوں نے کمنٹس میں صائمہ نور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی اپنی خوبصورتی اور فٹنس کے حوالے سے ایک مثال ہیں۔ کئی صارفین نے لکھا کہ ان کی ویڈیو دیکھ کر انہیں بھی ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب ملی ہے۔