ناصر ادیب کے سلمان خان کی صحت سے متعلق دعووں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

ناصر ادیب کے سلمان خان کی صحت سے متعلق دعووں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

پاکستان کے معروف اسکرپٹ رائٹر ناصر ادیب کے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی صحت سے متعلق ایک پوڈکاسٹ میں کیے گئے دعوؤں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر ادیب نے دعویٰ کیا کہ سلمان خان شہرت اور کامیابی کے باوجود دو سنگین طبی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ناصر ادیب کے مطابق سلمان خان ٹرائی جیمینل نیورالجیا (Trigeminal Neuralgia) نامی اعصابی بیماری میں مبتلا ہیں، جس کے باعث چہرے میں انتہائی شدید درد ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے دوران دانت صاف کرنا، مسکرانا یا چہرے کو معمولی سا چھونا بھی شدید تکلیف کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ درد کے وقت چہرے پر شدید گرمی محسوس ہوتی ہے۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ سلمان خان کو دماغ کی خون کی شریانوں سے متعلق بھی ایک طبی مسئلہ لاحق ہے اور اگر متاثرہ شریان پھٹ جائے تو دماغ میں خون بہنے (برین ہیمریج) کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ناصر ادیب نے فلمی حلقوں کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات درد اس قدر شدید ہوتا تھا کہ سلمان خان تکلیف برداشت نہ کرتے ہوئے اپنا سر بار بار مارتے تھے۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے ان دعوؤں کی صداقت پر سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا، "کیا سلمان خان کو خود بھی یہ سب معلوم ہے؟" جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، "لگتا ہے یہ سلمان خان کے ذاتی ڈاکٹر ہیں۔"واضح رہے کہ سلمان خان ماضی میں خود اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ وہ ٹرائی جیمینل نیورالجیا نامی نایاب اعصابی بیماری میں مبتلا ہیں، جسے دنیا کی انتہائی تکلیف دہ بیماریوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اداکار اس بیماری کے علاج اور سرجری سے متعلق بھی عوامی سطح پر گفتگو کر چکے ہیں۔تاہم ناصر ادیب کی جانب سے دماغ کی خون کی شریانوں سے متعلق کیے گئے دعوؤں کی سلمان خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، اس لیے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔