لاہور میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ای ٹیکسی اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم باعزت روزگار کی فراہمی کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کے ذریعے شہری ماہانہ ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ روپے تک آمدن حاصل کرسکیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کو کسی قسم کے خوف میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں، حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم خواتین کے لیے معاشی خودمختاری کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی ہر بیٹی محفوظ ہے اور اگر کسی نے خواتین کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت خواتین کے تحفظ اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ای ٹیکسی اسکیم کے لیے حکومت پنجاب نے 4 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے، جس کے تحت خواتین ڈرائیورز کے لیے 60 فیصد جبکہ مرد ڈرائیورز کے لیے 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت ادا کرے گی۔ اسکیم کے پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے گرین اور الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں ہر ضلع تک گرین بسیں پہنچائی گئیں اور اب ہر تحصیل تک اس سہولت کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرین اور الیکٹرک بسوں نے پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام میں مثبت انقلاب برپا کیا ہے۔