لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، قیام امن اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انوار الحق کاکڑ کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پنجاب حکومت کے وژن اور جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں نوجوانوں کو تعلیم، آئی ٹی ٹریننگ، انٹرنشپ پروگرامز اور دیگر اقدامات کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں صحت و تعلیم کے شعبے شامل ہیں، جن میں انقلابی اصلاحات اور منصوبے متعارف کرائے گئے ہیں۔
سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پاکستان میں ویمن ایمپاورمنٹ کی زندہ مثال ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات مثبت سمت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔