میں ہر روز اپنے جیسی دوسری خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرتی ہوں: وزیراعلیٰ پنجاب

میں ہر روز اپنے جیسی دوسری خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرتی ہوں: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ ہر روز اپنے جیسی دوسری خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کرتی ہیں، جبکہ معاشرے میں لڑکیوں پر والدین کا اعتماد پہلے کے مقابلے میں بڑھ رہا ہے۔

کنیئرڈ کالج میں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج وہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے طالبات کے سامنے کھڑی ہیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ خواتین بھی قیادت اور فیصلہ سازی کے اعلیٰ ترین منصب تک پہنچ سکتی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ان سمیت بہت سی لڑکیاں مختلف نوعیت کے خوف اور خدشات کا شکار رہتی تھیں، تاہم وقت کے ساتھ لڑکیوں میں خود اعتمادی بڑھی ہے اور اس اعتماد نے ان کے اندر موجود خوف کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین کا اپنی بیٹیوں پر اعتماد بڑھنا ایک مثبت تبدیلی ہے۔ لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے، اپنی صلاحیتیں منوانے اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے خواب پورے کر سکیں اور معاشرے میں مؤثر کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین کی حوصلہ مندی اور خود اعتمادی انہیں زندگی کے مختلف مراحل میں کامیابی سے آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہے۔ ان کے مطابق یہی اعتماد ایک خاتون کو بہترین بیٹی، بہن، بیوی اور ماں بننے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔مریم نواز نے خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے اور انہیں آگے بڑھنے میں مدد دینے کے لیے کام کرتی ہیں۔کنیئرڈ کالج میں کانووکیشن سے خطاب کے دوران خواتین کی تعلیم، خود اعتمادی اور معاشرتی ترقی کے حوالے سے ان کے پیغام کا مرکزی نکتہ یہ تھا کہ لڑکیوں کو اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنا چاہیے اور تعلیم و محنت کے ذریعے زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔