لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بے گھر شہریوں کو مفت پلاٹ دینے کے منصوبے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے 8 رکنی کمیٹی قائم کردی۔
کمیٹی کو منصوبے کے ٹی او آرز (Terms of Reference) طے کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں 3 اور 5 مرلے کی ہاؤسنگ اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ فروری کے دوران صوبے میں 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف پورا کیا جائے، اور سالانہ ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کے ہدف کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ہاؤسنگ اسکیمز کی پیش رفت
پنجاب کے 22 اضلاع میں 35 ہاؤسنگ اسکیموں اور 2807 پلاٹوں کی ڈویلپمنٹ مکمل کرلی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ 7 اضلاع میں 9 ہاؤسنگ اسکیموں اور 1119 پلاٹوں کی ڈویلپمنٹ کے عمل کو تیز کیا جائے۔
’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کا جائزہ
اجلاس میں ’’اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا:9015 مکانوں کی تعمیر کے لیے 8 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے گئے ہیں۔2050 افراد کو مکانات کی تعمیر کے لیے قرض کی دوسری قسط فراہم کر دی گئی ہے۔4841 گھروں کی تعمیر زیر تکمیل ہے۔
’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پورٹل کی کارکردگی
پروگرام کے تحت شہریوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے:پورٹل پر وزٹ کرنے والے افراد کی تعداد 7 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کر گئی۔4 لاکھ سے زائد درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع کروائی جا چکی ہیں۔74 ہزار سے زائد ڈرافٹ ایپلی کیشنز بھی پورٹل پر موجود ہیں، اور دستاویزات جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہاؤسنگ اسکیموں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔