لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھیننے میں ملوث گینگ کو گرفتار کروا دیا۔ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھیسیف سٹی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کو مختلف شاہراہوں اور مارکیٹس میں گھومتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ گینگ ماڈل ٹاؤن، لبرٹی مارکیٹ، مین مارکیٹ گلبرگ، جیل روڈ اور کریم بلاک مارکیٹ کے علاقوں میں سرگرم تھا جہاں شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا تھاترجمان سیف سٹی کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے اے آئی بیسڈ کیمروں کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا۔ سیف سٹی کی جانب سے فراہم کردہ بروقت معلومات پر پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کے جدید اے آئی بیسڈ کیمرہ سسٹم کی بدولت جرائم کی فوری نشاندہی اور ملزمان کی ٹریسنگ ممکن بنائی جا رہی ہے، جس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دورانِ سفر موبائل فون کے استعمال میں احتیاط برتیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔