پولیس نے مانگا منڈی میں موٹر سائیکل سنیچرز کی بڑی واردات ناکام بنا دی

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن سکواڈ نے بروقت رسپانس اور جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامانگا منڈی کے علاقہ میں موٹر سائیکل سنیچرز کی بڑی واردات ناکام بنا دی۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈولفن ٹیم نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ ڈولفن سکواڈ نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی، جس پر ملزمان اپنی موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کر قریبی کھیتوں میں فرار ہو گئے۔پولیس نے موقع سے چھینی گئی موٹر سائیکل نمبر LEP-4593 برآمد کر کے تھانہ مانگا منڈی منتقل کر دی ہے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد برآمد شدہ موٹر سائیکل مالک کے حوالے کر دی جائے گی۔ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم نے ڈولفن ٹیم کی جرات، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو دفتر طلب کیا۔ مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کو نقد انعام اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیاایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مشکوک افراد کی فوری اطلاع پولیس کو دیں اور جرائم کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔