بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 2 لاکھ 72 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس

 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں ہیلمٹ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہیلمٹ کے استعمال کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے دوران صوبہ بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 2 لاکھ 72 ہزار سے زائد شہریوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ صرف لاہور میں 46 ہزار سے زائد خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 90 روز میں 11 لاکھ 92 ہزار سے زائد ہیلمٹ خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی، جبکہ متعدد بار خلاف ورزی کرنے پر 4 لاکھ 22 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں بند کی گئیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ محفوظ پنجاب کے قیام کے لیے قانون پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ہیلمٹ کے استعمال کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ہیڈ آف ٹریفک پنجاب کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کا مقصد شہریوں کو چالان کرنا نہیں بلکہ ان کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے کی شاہراہوں پر اب 90 فیصد سے زائد شہری ہیلمٹ استعمال کر رہے ہیں، تاہم ٹریفک کے منظم اور مربوط نظام کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں تاکہ ایک محفوظ اور ذمہ دار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔