بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کیخلاف شکنجہ، 65 ہزار چالان

 غیر نمونہ فینسی نمبر پلیٹ لگانے پر 5 ہزار سے زائد گاڑیوں کو جرمانہ کیا گیا
 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ کے پہلے ہفتے کے دوران 1 لاکھ 61 ہزار سے زائد ٹریفک وائلیشنز ریکارڈ کی گئی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر 33 ہزار 500 سے زائد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کی گئیں، جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو 65 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔اسی طرح بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر 24 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کیے گئے، جبکہ ون وے کی خلاف ورزی جیسی سنگین وائلیشن پر 10 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق پریشر ہارن کے استعمال پر 15 ہزار اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 2 ہزار شہریوں کو جرمانے کیے گئے۔ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 1600 سے زائد گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔مزید برآں غیر نمونہ فینسی نمبر پلیٹ لگانے پر 5 ہزار سے زائد گاڑیوں کو جرمانہ کیا گیا، جبکہ لین لائن کی خلاف ورزی پر 4 ہزار سے زائد ڈرائیورز کے چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔ غلط، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والے 2500 ڈرائیورز کو بھی چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ ‘‘ٹریفک پولیس کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانا ہے۔’’ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔