بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 27ہزار چالان

 سیٹ بیلٹ کے بغیر گاڑی چلانے پر 29 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے 
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے تحت ٹریفک قوانین کی پاسداری سب کی ذمہ داری قرار دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے احکامات پر بغیر ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق رواں ماہ صوبہ بھر میں ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 27 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے بتایا کہ اسی عرصے میں بغیر سیٹ بیلٹ گاڑی چلانے پر 29 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔صرف لاہور میں ہی ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 12 ہزار 700 سے زائد چالان کئے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی پاسداری کا مقصد شہریوں کو جرمانہ کرنا نہیں بلکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ہے۔ ان کے مطابق حادثے کی صورت میں ہیلمٹ کا استعمال شہریوں کو ہیڈ انجری سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔