بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسوں میں کمی کرنا ہوگی اقتصادی صورتحال بہت بہتر ہےشہبازشریف
گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بہترین ثابت ہوگا‘، اڑان پاکستان کو احسن اقبال بہترین انداز میں چلارہے ہیں:وزیراعظم کا پاکستان گورننس فورم کی تقریب سے خطاب
دہشتگرد تنظیموں کے خلاف پاک افواج مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ‘انشاء اللہ ان کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیا جائے گا‘ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے حکومت اور سکیورٹی ادارے پر عزم ہیں:بیان
اسلام آباد(یواین پی‘آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بہترین فورم ثابت ہوگا، بالواسطہ ٹیکسز میں چوری کو روکا جائے گا اگلے بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کرنا ہوگی۔پاکستان گورننس فورم کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا ک گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بہترین فورم ثابت ہوگا، اڑان پاکستان کو احسن اقبال بہترین انداز میں چلارہے ہیں، جون 2023ء میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، ہم نے ملکی پہیہ چلانے کے لیے اقدامات کیے، کرپشن زدہ اداروں کا خاتمہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کا منبع تھا جسے رمضان میں ختم کیا، اس ادارے کے ذریعے لوگوں کی جیبوں میں اربوں روپے جارہے تھے، دو سو ارب روپے کی بجلی چوری ہورہی تھی جس پر قابو پایا، یہ کوئی معمولی بات نہیں تھی، اسی طرح بجلی کی قیمت میں سات روپے فی یونٹ کمی کی گئی، پی ڈبلیو ڈی کو بھی ختم کیا اس کے خاتمے کے خلاف بے پناہ سفارشیں آئیں مگر ادارے کو ختم کیا گیا، انہوں نے کہا کہ سولر کے حوالے سے جائز موقف کو سنا گیا۔شہباز شریف نے کہا آج ہماری مجموعی اقتصادی صورتحال بہت بہتر ہے، آج شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ میں ہے، ہمیں مزید محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے‘دریں اثنائوزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لائی جا سکے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کو وفاق کی اہم اتحادی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے باہمی تعاون سے قومی ترقی کا سفر مزید تیز کیا جا سکتا ہے ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت قومی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے سندھ کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط روابط سے جمہوری نظام کو تقویت ملے گی اور عوام کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر ان کا خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے متعدد کارروائیوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے 26 اور بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد تنظیموں کے خلاف پاک افواج مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور ان شاء اللہ ان کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیا جائے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ عزم استحکام کے ویڑن کے تحت ملک سے دہشتگردی کا جلد خاتمہ ممکن ہوگا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پر عزم ہیں اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔