پالیسیوں کے عدم تسلسل نے ترقی کا سفر بار بار متاثر کیا: احسن اقبال

آبادی پر قابو نہ پایا تو 2050 تک یہ  37 سے 38 کروڑ ہو سکتی ہے:وفاقی وزیر
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے  پاکستان میں پالیسیوں کے عدم تسلسل نے ترقی کا سفر بار بار متاثر کیا ہے اور کسی بھی قومی منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے 10 سے 15 سال کا تسلسل ناگزیر ہے۔ حکومتیں بدلنے کے ساتھ پورا پالیسی فریم ورک تبدیل کر دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں وژن 2020 اور وژن 2025 سیاسی تبدیلیوں کی نذر ہو گئے۔ پالیسیوں کا تسلسل نہ ہو تو بہترین منصوبے بھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔بدھ کو اسٹریٹجک ڈائیلاگ اینڈ لانچ آف ڈویلپمنٹ ایڈووکیٹ پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ٹوٹا ہوا سماجی و اقتصادی ڈھانچہ ہے۔ معاشی ترقی کے لیے اقتصادی اور سماجی شعبوں میں ہم آہنگی ناگزیر ہے ‘ رواں سال پاکستان کی آبادی تقریبا 26 کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو 2050 تک یہ تعداد 37 سے 38 کروڑ ہو سکتی ہے۔