70 مجسٹریٹس کیلئے1لاکھ 48ہزار دکانوں کا معائنہ نا ممکن ،10 ہزار تنو روں کی نگرانی نہیں ہو رہی
لاہور (کرائم رپورٹر)ماہ رمضان کی آمد سے قبل شہر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑا کریک ڈاو?ن تاحال چیلنج ہے،70مجسٹریٹس بھی گراں فروشی اور کم ناپ تول کرنے والوں پر قابو نہ پا سکے۔ تفصیل کے مطابق گراں فروشی نے مہنگائی کا تناسب سو فیصد بڑھا دیا۔شہری مہنگائی اور گراں فروشی کی زد میں آکر ہیجانی کیفیت کا شکار ہیں، 70 مجسٹریٹ کیلئے ایک لاکھ 48ہزار اشیائے ضروریہ کی دکانوں کی چیکنگ نا ممکن ہے۔ انتظامی رپورٹ نے مجسٹریٹس کی تعداد کو ناکافی قرار دے دیا۔شہر میں10ہزار تنور ،چار سو میگا سٹورز کی مانیٹرنگ نہیں ہو رہی۔بیف اور مٹن سرکاری نرخ سے دوگنا زیادہ پر فروخت ہو رہا ۔دالیں ،سبزیاں ، مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نہ رک سکا۔دہی اور دودھ مہنگے داموں کھلے عام فروخت کئے جا رہے ہیں۔مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے کوئی سرکاری پیمانہ کامیاب نہیں ہو سکا۔ ادھر ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1568 مقامات کی چیکنگ،مقدمات کا اندراج،138 خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی سی سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا انتظامی افسر پرائس کنٹرول پر سخت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔