رمضان میں ہرخاندان کو10 ہزار ملیں گے ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا مریم نواز

 پاکستان میں رمضان کی آمد پر  قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں جبکہ دنیا میں خصوصی بچت کائونٹر لگائے جاتے ہیں، کمشنرز، ڈی سیز، پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، ستھرا پنجاب کو اپنا حصہ ڈالنا ہے
40لاکھ سے زائد خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ دیئے جا رہے ہیں، کوئی کریانہ سٹوروالا اضافی پیسے مانگے تو فورا شکایت درج کروائیں، پنجاب پولیس  فورا ایکشن میں آئے گی
لاہور(سپیشل رپورٹر )پنجاب حکومت نے 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو رمضان کارڈ دینے کا اعلان کر دیا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ مبارک مہینے میں ہر خاندان کو 10، 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے، سہولت بازاروں میں بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔نگہبان رمضان پروگرام کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک رحمت اور رحم کا مہینہ ہے، دنیا بھر میں رمضان المبارک عقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رمضان کی آمد پر اشیا کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، جبکہ دنیا میں رمضان کی آمد پر خصوصی بچت کانٹر لگائے جاتے ہیں، مخیر حضرات مل کر رمضان میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں، کمشنرز، ڈی سیز، پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، ستھرا پنجاب کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں لائنوں میں لگا کر لوگوں کو راشن دیا جاتا ہے، کوشش ہے اس بار رمضان میں مستحق لوگوں کو خود چل کر حکومت کے پاس نہ آنا پڑے، تقریبا 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ دیئے جا رہے ہیں، اب تک 4 لاکھ رمضان نگہبان کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ رمضان نگہبان کارڈ مستحق خاندانوں کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے، جس سے 10 ہزار روپے کا راشن خریدا جا سکتا ہے، کارڈ کی ایکٹیویشن کی ضرورت نہیں، 9 ہزار 200 اے ٹی ایم مشینوں سے کیش نکلوایا جا سکتا ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ کوئی کریانہ سٹوروالا اضافی پیسے مانگے تو فورا شکایت درج کروائیں، پنجاب پولیس آپ کی شکایت پر فورا ایکشن میں آئے گی، یہ 10 ہزار روپے آپ کی امانت ہیں، سہولت بازاروں میں بھی کارڈ کے استعمال کی سہولت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیحی بہن، بھائیوں کے روزے بھی ہمارے ساتھ شروع ہو رہے ہیں، مسیحی کمیونٹی کو بھی 10 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، اس حوالے سے پیرا فورس کو ہدایات جاری کر دی ہیں، پیرا فورس کے اہلکار پورے پنجاب میں موجود ہوں گے، رمضان میں پیرافورس کا کام صرف پرائس کنٹرول کا ہوگا، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے، پرائس کنٹرول آپریشن پورا رمضان جاری رہے گا۔