عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے:نائب وزیراعظم کی اجلاس میں ہدایت
اسلام آباد ( آن لائن) حکومت نے عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لیے سپلائی چین اور قیمتوں کی مسلسل نگرانی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے، جبکہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کے ذخائر اور قیمتوں کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انہیں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کے وافر ذخائر کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی اشیا مناسب نرخوں پر فراہم کرنے، مارکیٹ میں رسد برقرار رکھنے اور قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کی روک تھام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے زور دیا کہ عوام کی سہولت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر اقدامات جاری رکھنے چاہییں۔