چیمپئنز ٹرافی ڈیوٹی سے انکار، 100 پولیس اہلکار برطرف

 بعض اہلکاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر نہ آنے کے لیے مختلف بہانے بنائے: غفلت برتنے والوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں:حکام 
لاہور(کرائم رپورٹر )چیمپئنز ٹرافی 2025 کی سکیورٹی ڈیوٹی سے انکار کرنے پر لاہور میں پہلی بار 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کو ایک ساتھ نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق برطرف کیے گئے اہلکار اینٹی رائٹ فورس سے تعلق رکھتے تھے اور انہیں ڈی آئی جی آپریشنز کے حکم پر برطرف کیا گیا۔سرکاری رپٹ میں برطرف اہلکاروں کی تفصیلات درج کر لی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متعدد اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر آنے سے انکاری تھے، جبکہ کچھ بہانے بنا کر غیر حاضر رہے۔پولیس ذرائع کے مطابق برطرف کیے جانے والے اہلکار چیمپئنزٹرافی کی سکیورٹی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے۔ بعض اہلکاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر نہ آنے کے لیے مختلف بہانے بنائے۔ کرکٹ میچز کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود بعض اہلکاروں نے ڈیوٹی کرنے سے صاف انکار کر دیا۔محکمہ پولیس کے حکام نے موٓقف دیتے ہوئے کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے والوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں اور ایسی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔