پاک بھارت صورتحال کے باعث پاکستان کے تمام میچ کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی ہے:صدر ہاکی فیڈریشن
ٓاسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے ہم نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے ٹورنامنٹ یا پاکستان کے تمام میچز کسی غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔محی الدین احمد وانی نے کہا کہ یہ فیصلہ پاک بھارت موجودہ دوطرفہ حساس صورتحال اور سکیورٹی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ہمارے قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، ہم بھارت سمیت تمام ایف آئی ایچ رکن ممالک کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے نظریے پر قائم ہیں۔