بھار ت کی ٹیم کا چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار( انڈین میڈیا نہیں حکومت کے جواب کے منتظر ہیں:محسن نقوی)

بھارت نیوٹرل وینیو پر اپنے میچز کھیلے گا‘بھارتی کرکٹ بورڈ  نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نہ آنے کے بارے میں آگاہ کردیا:انڈین میڈیا
بھارتی میڈیا کئی ماہ سے دعویٰ کررہا ہے  ٹیم پاکستان نہیں جائیگی‘  ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں ‘ ہمیں امید ہے  بھارتی بورڈ مثبت جواب دے گا:چیئرمین پی سی بی

دہلی‘اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نہ آنے کے بارے میں آگاہ کردیا۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان نہیں آئے گی، بھارت نیوٹرل وینیو پر اپنے میچز کھیلے گا۔ بھارت کے علاوہ دیگر 6 ممالک نے ایونٹ میں ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کی تصدیق کردی ہے ‘دریں اثناء چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے  بھارتی میڈیا کئی ماہ سے دعویٰ کررہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کھیلنے نہیں آئے مگر ہم بھارتی میڈیا نہیں بھارتی حکومت اور کرکٹ بورڈ کے جواب کے منتظر ہیں اور اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے، ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا۔انہوںنے کہا  ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں البتہ ہمیں امید ہے کہ بھارتی بورڈ مثبت جواب دے گا۔