پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، متعدد علاقوں میں موسم خوشگوار

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، متعدد علاقوں میں موسم خوشگوار

پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔

 پاکستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق، گزشتہ رات سے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔مری میں سب سے زیادہ 24 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ راولپنڈی اور میانوالی میں 9 ملی میٹر، اٹک میں 12 اور چکوال میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اسی طرح سیالکوٹ میں 5، نارووال میں 4، منڈی بہاالدین اور گجرات میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر شہروں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ہوئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 2 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے پنجاب کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز اور صوبائی کنٹرول روم کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ایمرجنسی سروسز جیسے 1122 اور دیگر ریسکیو ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور مشینری سمیت عملہ موجود ہے تاکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کی جا سکے۔ شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب جانے سے روکنے کی تاکید کی گئی ہے۔پنجاب کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتے ہوئے تاروں سے دور رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔