شمال مشرقی پنجاب میں بارش کی پیشگوئی، مختلف شہروں میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان

شمال مشرقی پنجاب میں بارش کی پیشگوئی، مختلف شہروں میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان

محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ موسمیاتی حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں عارضی کمی آئے گی، جس سے موسم نسبتاً خوشگوار ہو جائے گا۔موسمی اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد اور ہوا کی رفتار تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس وقت آسمان پر بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے جس سے موسم میں جزوی خوشگواری محسوس کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ساہیوال، پتوکی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ بارش کے نتیجے میں شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔مقامی اطلاعات کے مطابق ساہیوال، نورشاہ، ہڑپہ اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث متعدد بجلی فیڈرز ٹرپ کر گئے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاط برتیں اور غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔