ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں واضح کمی آئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
موسم کی اس تبدیلی سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے، جو کئی روز سے شدید گرمی اور حبس کا سامنا کر رہے تھے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے باعث متعدد مقامات پر درخت گر گئے، جب کہ لیسکو ریجن میں 29 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔مری میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری سے ہرطرف سفیدی چھا گئی، جس سے سردی کا احساس بڑھ گیا۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی اور گردونواح میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی متاثر کیے۔
آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی:
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، لاہور، سرگودھا، خوشاب، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور باجوڑ میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع میانوالی، بھکر، لیہ، ساہیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاط برتیں اور بارش کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔