لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ گرمی کی شدت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

شہر میں رات گئے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔اطلاعات کے مطابق دھرم پورہ، مغل پورہ، گڑھی شاہو، کینال روڈ اور فیروزپور روڈ پر بارش ہوئی جبکہ اچھرہ، ماڈل ٹاؤن، گرین ٹاؤن، کچا جیل روڈ اور چونگی امر سدھو کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح کوٹ لکھپت، نشتر کالونی، جین مندر، چوبرجی اور ملتان روڈ کے مختلف مقامات پر بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔بارش کے بعد بیشتر سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہی تاہم بعض نشیبی علاقوں میں ہلکا پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے جبکہ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا تقریباً 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 70 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور جاتی ہوئی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی۔ کئی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جس سے شہریوں کو خاصی راحت ملی۔

مریدکےاور گردونواح میں موسم بہار کی پہلی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور رمضان المبارک کے روزوں میں بھی ٹھنڈک محسوس کی گئی۔ بارش کے بعد شہر میں سردی کی ہلکی لہر دوبارہ محسوس کی جا رہی ہے۔

اسی طرح پنڈی بھٹیاں اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور جاتی ہوئی سردی واپس لوٹ آئی۔تلہ گنگ اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی دیکھی گئی اور وقفے وقفے سے بارش کے باعث شہریوں نے راحت محسوس کی۔

مزید برآں گوجرانوالہ، لالہ موسیٰ اورکھاریاں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔ تاہم بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی عارضی طور پر متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

اسی طرح Narowal، Shakargarh، Nowshera Virkan اور Khanqah Dogran میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم مزید خوشگوار ہو گیا۔ شکرگڑھ، نورکوٹ اور کرتارپور سمیت ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی محسوس کی گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم نہایت خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ رمضان المبارک میں روزہ داروں کو بھی اس خوشگوار موسم سے خاصی راحت ملی ہے۔