ویب ڈیسک: لاہور میں مطلع ابر آلود ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہریوں نے گرمی سے عارضی نجات محسوس کی ہے۔کینال روڈ، مغل پورہ، دھرم پورہ، مال روڈ، جیل روڈ، والٹن روڈ، چونگی کوٹ لکھپت، قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، امرسدھو اور پنڈی اسٹاپ سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہریوں نے موسم کا لطف اٹھانے کے لیے کھلے مقامات اور پارکوں کا رخ کیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مزید برآں، محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 28 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران بعض مقامات پر تیز بارشیں بھی ہو سکتی ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔